پیر مکی کے علاقہ میں ریڑھی لگانے کی اجازت ،متبادل جگہ دیدی:ڈی سی لاہور
انگلش میں فیصلے کیوں دئیے :ہائیکورٹ، درخواست 15 یوم میں نمٹانے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریڑھی بانوں سے متعلق ان کی درخواستوں پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو اردو میں فیصلے جاری کرنے کا حکم دیدیا ،عدالت نے ڈی سی لاہور کو اسی نوعیت کی درخواست 15 یوم میں نمٹانے کا بھی پابند کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے حبیب اللہ ودیگردرخواستگزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی، ان کیوکیل اورنگزیب تارڑنے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار حاجی کیمپ کے قریب جوتوں کی ریڑھیاں لگا کر روزگار کماتا تھا، لوکل گورنمنٹ نے ریڑھیاں اٹھا کر بغیر قانونی جواز کے توڑ دیں ،انتظامیہ کی ہدایت پرریڑھی بانوں نے 38 لاکھ روپے محکمہ کو جمع کروائے لیکن اس کے باوجود ریڑھیاں اورمتبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔ درخواست گزار جولائی 2025 سے بے روزگاراورمعاشی مشکلات کا شکار ہیں لہذا عدالت ڈی سی لاہور کو نئی ریڑھیاں اور متبادل جگہ کی فراہمی کا حکم دے۔ عدالتی حکم پر ڈی سی لاہور عدالت پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ریڑھی بانوں کوپیر مکی کیعلاقہ میں ریڑھی لگانے کی اجازت دیتے ہوئے متبادل جگہ فراہم کر دی۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے قرار دیاکہ ریڑھی بان پڑھے لکھے نہیں پھر انہیں انگلش میں فیصلے کیوں دئیے گئے،ریڑھی بانوں کی درخواستیں پندرہ دن میں نمٹا کر اردو میں فیصلے جاری کیے جائیں۔