ریڑھی بانوں کا ٹائون انتظامیہ کے خلاف احتجاج

ہمارامعاشی قتل بند کیا جائے ،ریڑھی بانوں کی وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل
لاہور (کرائم رپورٹر ) کاہنہ میں ریڑھی بانوں نے ٹائون انتظامیہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، جس میں ریڑھی بانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت سے اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کے کاروبار کو روکا جا رہا ہے، جس سے ان کی روزگار کا مسئلہ شدید ہوگیا ہے۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور انہیں کاروبار کرنے کی آزادی فراہم کریں۔احتجاجی ریلی میں شریک افراد نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اسسٹنٹ کمشنر نشتر کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مسائل حل نہ ہوئے تو وہ مزید احتجاج کریں گے۔ مظاہرین کی جانب سے پرامن احتجاج کیا گیا اور کوئی اہم واقعہ پیش نہیں آیا۔ریڑھی بانوں کا کہنا تھا کہ وہ حکومت سے اپنے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، لیکن ان کی روزگار کو متاثر کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ان کے کاروبار کا تحفظ کیا جائے اور ان کا معاشی قتل بند کیا جائے۔