کیا نواز شریف کے بغیر (ن)لیگ کچھ فیصلہ کر سکتی ، ملاقات کے بعد فیصلہ ہو گا
مائنز اینڈ منرلز سے متعلق بل ہماری سیاسی سوچ کے خلاف نہیں ہوسکتا، بیان
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بغیر کچھ بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا مذاکرات کی پہلی شرط بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف کے بغیر مسلم لیگ (ن) کچھ فیصلہ کر سکتی ہے؟ کیا آصف زرداری یا بلاول بھٹو کے بغیر پیپلز پارٹی کوئی فیصلہ کرے گی؟اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ ناسمجھی ہوگی کہ بانی سے مشاورت یا ملاقات کے بغیر ہی کوئی فیصلہ ہو، جب تک ملاقات نہیں ہو گی تب تک کوئی فیصلہ نہیں ہو گا۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی ایک آئینی اور قانونی ضرورت تھی، اپوزیشن لیڈر کے بغیر اسمبلی چل نہیں سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز سے متعلق بل ہماری سیاسی سوچ اور بیانیہ کے خلاف نہیں ہوگا، ہمارے صوبے کے اختیار سے بڑھ کر کوئی بھی چیز بل میں نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو کمزور یا پوزیشن کمپرومائز کرنے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوگا، جو بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اسی کے مطابق یہ بل پاس ہوگا، اگر دائیں بائیں سے کوئی کوشش ہوتی ہے تو ہم ایسا بل پاس نہیں ہونے دیں گے۔