ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور او پی ڈی کیمرے سیف سٹی کنٹرول روم سے مانیٹر ہوں گے

ضرورت کے مطابق نئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے، اور مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا
ہسپتالوں میں سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی:وزیر صحت
لاہور(ہیلتھ رپورٹر) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمرے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے تمام میڈیکل یونیورسٹیوں، ٹیچنگ اور ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو فوری عمل درآمد کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ سابقہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر دوبارہ سخت ہدایات جاری کی گئیں۔سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں کو اسپتالوں میں مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، ضرورت کے مطابق نئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے، اور مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے ہسپتالوں میں سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔