وزیر داخلہ کا سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن اورون انفوایپ کا افتتاح کیا
محسن نقوی نے آئی جی علی ناصر رضوی کی کاوشوں کو سراہا، ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیف سٹی سسٹم کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید 3100 کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آن لائن ویمن پولیس سٹیشن اورون انفوایپ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی کاوشوں کو سراہا اور سیف سٹی کی ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ون انفوایپ سے ایمرجنسی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔ انہوں نے خواتین اور کمزور طبقات کی فوری مدد کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایپ اور آن لائن ویمن پولیس سٹیشن جدید ٹیکنالوجی کے عکاس ہیں۔ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی جہاں انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کاہ کہ سیف سٹی پراجیکٹ نے جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے سیف سٹی کی مانیٹرنگ مزید موثر بنانے کی ہدایت اور جدید ٹیکنالوجی و اے آئی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے سسٹم کو ماڈل منصوبہ بنایا جائے گا۔سیف سٹی اسلام آباد کو دیگر صوبوں کے سیف سٹیز سے منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام سیف سٹیز کو آپس میں جوڑنے سے ڈیٹا شیئرنگ میں بہتری آئے گی۔