غربت ختم کرنے کیلئے 39 ارب کا نیا پاورٹی گریجوایشن پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

 چار سالہ پروگرام کو ملک بھر کے 25 اضلاع میں لاگو کیا جائے گا‘ شفافیت، جوابدہی اور بھر پور نتائج پر توجہ دی جائے گی؛ وزارت برائے تخفیف غربت 
اسلام آباد(آ ئی این پی)حکومت نے غربت کے خاتمے کیلئے 39 ارب روپے کا نیا پاورٹی گریجویشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیل کے مطابق وزارت برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ نے 39 ارب روپے کا نیا پاورٹی گریجویشن پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو نقد امداد سے پائیدار معاش کی طرف منتقل کرنے کی پاکستان کی کوششوں کو وسعت دینا ہے، 2026ء سے 2029ء تک چلنے والے اس چار سالہ پروگرام کو فیصل آباد سمیت ملک بھر کے 25 اضلاع میں لاگو کیا جائے گا جس میں شفافیت، جوابدہی اور بھر پور نتائج پر توجہ دی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ وزارت نے چاروں صوبوں کے 21 پسماندہ اضلاع میں نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کی کامیاب تکمیل کا بھی انکشاف کیا ہے جس نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے کمزور خاندانوں کو باوقار اور پائیدار آمدنی کے ذرائع میں منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی ہے، مکمل ہونے والے پروگرام کے تحت مستفید ہونے والوں کو پیداواری اثاثے، بلا سود قرضے، روزی روٹی کمانے کی تربیت اور ہنر کی ترقی فراہم کی گئی جس کے نتیجے میں روزگار کے 1 لاکھ 79 ہزار نئے مواقع پیدا ہوئے 96 ہزار خاندان مستقل طور پر غربت سے نکل گئے۔