ی-20 کے رکن ممالک کے ارب پتیوں نے گزشتہ سال 2.2 کھرب ڈالر کمائے
واشنگٹن (آئی این پی )عالمی مہم تنظیم آکسفیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی بڑی معیشتوں سے تعلق رکھنے والے ارب پتی افراد نے گزشتہ سال 2.2 کھرب ڈالر کمائے، جو دنیا بھر سے غربت ختم کرنے کے لیے کافی رقم تھی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی فلاحی تنظیم نے رواں ہفتے ہونے والے طاقتور جی-20 ممالک کے سربراہی اجلاس پر زور دیا کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی سطح پر بے پناہ دولت کی عدم مساوات اور ترقی پذیر ممالک کو کمزور کرنے والے قرضوں کے مسئلے کے حل کے لیے پیش کی گئی تجاویز کی حمایت کرے۔آکسفیم نے بتایا کہ فوربز کی فہرست میں شامل اعداد و شمار کے مطابق جی-20 کے رکن ممالک کے ارب پتیوں نے گزشتہ سال 2.2 کھرب ڈالر کمائے اور ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 15.6 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔بیان میں کہا گیا کہ جو 3.8 ارب افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، انہیں اوپر لانے کے لیے سالانہ 1.65 کھرب ڈالر درکار ہیں۔آکسفیم نے اس سفارش کی حمایت کی ہے جسے جنوبی افریقہ 22 اور 23 نومبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں پیش کرے گا، جس کے تحت عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے ایک بین الاقوامی پینل قائم کیا جائے، اسی طرز پر جس طرح اقوامِ متحدہ کا انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی) عالمی حدت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کام کرتا ہے