لاہور: سسرالیوں کے مبینہ تشدد میں 35 سالہ خاتون ہلاک

لاہور: سسرالیوں کے مبینہ تشدد میں 35 سالہ خاتون ہلاک

گرین ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ سسرالی تشدد کے باعث 35 سالہ خاتون روبینہ جاں بحق ہو گئی ہے۔

 اہل خانہ نے واقعے کے خلاف پولیس کو درخواست دے دی ہے۔متوفیہ روبینہ کی شادی ایک سال قبل طلال نامی شخص سے ہوئی تھی۔ ان کے بھائی محمد شہباز نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز سسرالیوں نے روبینہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے خاموشی کے ساتھ روبینہ کی تدفین بھی کر دی۔محمد شہباز نے مزید کہا کہ متوفیہ کے چہرے پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، جس سے شبہ ہے کہ موت طبعی نہیں بلکہ تشدد کے باعث ہوئی۔

پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قبر کشائی کے عمل کے ذریعے حقائق جاننے کا آغاز کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی اصل وجوہات اور تشدد کی تصدیق ہو سکے گی۔ اگر تشدد ثابت ہوا تو محمد شہباز کی درخواست پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔