انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے دو مقدمات میں ضمانتیں منظور کر دی ہیں۔
عدالت نے 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض دونوں ملزمان کو متعلقہ مقدمات میں رہا کرنے کا حکم دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس میں دونوں ملزمان کے وکیل ایمل خان مندوخیل عدالت میں پیش ہوئے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیس میں مدعی مقدمہ کے بیان پر ضمانت کی درخواست منظور کی گئی۔ وکیل ایمل خان مندوخیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان کی جانب سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں کیا گیا اور ہائیکورٹ کے باہر جج جہانگیری کے حق میں آواز بلند کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب میں احتجاج کے حوالے سے بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی، اور یہ مقدمہ لاپتہ افراد کے کیسز لڑنے کے باعث بنایا گیا۔پراسکیوشن نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی، تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ کوہسار میں مقدمات درج ہیں۔