لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور پولیسنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد ایس ایچ اوز کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر عمران نیازی کو ہربنس پورہ سے تبدیل کرکے رائے ونڈ کا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سب انسپکٹر حسن نقوی کو پولیس لائنز سے ایس ایچ او ٹبی سٹی مقرر کیا گیا ہیاسی طرح انسپکٹر وقاص اشرف کو شاہدرہ ٹاؤن سے تبدیل کرکے ایس ایچ او ہربنس پورہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ رضوان چیمہ کو قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سے ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن مقرر کیا گیا ہے۔مزید برآں سب انسپکٹر ملوک حسین کو بطور انسپکٹر اسٹیبلشمنٹ لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ تبادلوں کا مقصد تھانوں کی کارکردگی میں بہتری، جرائم پر مؤثر کنٹرول اور شہریوں کو بہتر پولیس سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں فوری طور پر سنبھال کر فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیں۔