رمضان المبارک کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ہو چکا ہے اور عوام کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں کیلے 350 روپے درجن جبکہ گوشت 3200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جو عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب پرائس کنٹرول ایکٹ 2024 پر مؤثر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ:
ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جائے تاکہ مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ معاشرتی عدم تحفظ اور شہریوں کے روزمرہ کے بنیادی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ عدالت سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ فوری نوٹس لے کر عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جائے گا۔