ایک کروڑ سر کی قیمت والے خطرناک ڈاکو نے7ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے

گھوٹکی میں سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے رونتی کچے میں پولیس اور رینجرز کا  مشترکہ نجات مہران آپریشن  جاری ‘75ڈاکوگرفتاری دے چکے 
خیرپور(آئی این پی )گھوٹکی میں سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے رونتی کچے میں پولیس اور رینجرز کا  مشترکہ نجات مہران آپریشن  جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق پولیس اور رینجرز کے مشترکہ نجات مہران آپریشن اور دبا ئوکے باعث شر گینگ کے مزید 7 اشتہاری ڈاکوئوں نے ہتھیار ڈال دئیے۔ایس ایس پی گھوٹکی نے بتایا کہ اشتہاری ملزمان قتل، قبائلی تصادم، ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھے، سرینڈر کرنے والے ڈاکوئوں میں اصغر شر، عبدالطیف شر، مور شر، بڈو شر، نالی چگو شر، شاھ بخش عرف شبن شر، ممتاز شر شامل ہیں۔انور کھیتران کا کہنا ہے کہ 40 روز سے جاری  آپریشن کے دوران 75 سے زائد اشتہاری ڈاکوئوں نے گرفتاری پیش کی ہے جن میں انعام یافتہ ڈاکو بھی شامل ہیں۔ ادھر خیرپور کے کچے کے جنگلات میں نجات مہران آپریشن کے باعث 50 لاکھ روپے کے انعام یافتہ ڈاکو علی احمد عرف احمدو ناریجو نے سرینڈر کردیا، احمدو ناریجو 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔دوسری جانب  راجن پور میں آپریشن کے دوران رحیم یار خان کے دو بڑے ڈاکو تنویر انڈھڑ اور ظفری جھبیل نے بھی پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا۔تنویر انڈھڑ پر ایک کروڑ روپے جبکہ ظفری جھبیل پر 50 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا