فضائی حملوں کا عسکری ردعمل دینگے: طالبان افغان جارحیت کا سخت جواب دیاجائیگا دفترخارجہ
افغانستان سے دھمکیاں نہایت مایوس کن ہیں ، وہاں سے ابھرنے والے خطرات سے واقف ہیں، ہماری فورسز اپنے عوام کے تحفظ کیلئے چوکس ہیں، بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے
بلوچستان میں دہشت گرد حملے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کا بیان پاکستان کی موقف کی تصدیق ہے ‘ اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں :ترجمان طاہر حسین اندرابی کی ہفتہ وار پریس بریفنگ
اسلام آباد‘کابل(آئی این پی ) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے افغانستان سے آنے والی دھمکیاں نہایت مایوس کن ہیں ، وہاں سے ابھرنے وا‘لے خطرات سے واقف ہیں، ہماری فورسز اپنے عوام کے تحفظ کیلئے چوکس ہیں، کسی بھی جارحیت کا سختی سے جواب دیاجائیگا،پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان کے دھمکی آمیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، ہماری فورسز اپنے عوام کے تحفظ کیلئے چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا سختی سے جواب دے گا۔ ہم افغان عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ہم افغان سرزمین پر دہشت گردوں کو میسر آزادی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین دہشت گردوں کے ہاتھوں دیگر ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔طاہر حسین اندرانی نے کہا کہ پاکستان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر درست حملے کیے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے معاملے پر امیرِ قطر کی جانب سے کسی کردار کا خیرمقدم کرے گا۔افغانستان میں موجود پاکستانی سفارتی عملے کی سکیورٹی پر دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان وہاں موجود تمام پاکستانی سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کریں۔ کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افغان سفارت کاروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، اسے یقینی بنا رہے ہیں‘دریں اثناء افغانستان کی طالبان حکومت نے کہا ہے وہ حالیہ پاکستانی فضائی حملوں کا عسکری جواب دے گی۔طالبان نے اسلام آباد پر الزام لگایا کہ اس نے افغان شہریوں کو نشانہ بنایا اور اپنے ملک میں داعش کے جنگجوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کیں۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے العربیہ انگلش کو بتایا کہ قدرتی طور پر یہ عسکری جواب ہوگا، لیکن اس کی تفصیلات خفیہ ہیں۔ پاکستان کو اپنے شرمناک اقدام کا جواب ملنا چاہیے۔انھوں نے الزام لگایا کہ پاکستان نے عسکریت پسندوں کے بجائے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا