پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوٹل میں ہونے والی کانفرنس کو روکنے کی کوششوں کی سخت مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس میں ہوٹل انتظامیہ کو دھمکیاں دی گئیں۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور آئین ہمیں یہ حق دیتا ہے کہ ہم اپنے حقوق کی بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے لوگوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے آوازیں دبانے کی ناکام کوششوں پر بھی اظہار برہمی کیا اور کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ ہم احتجاج نہ کریں تو اس کو روک کر دکھائے۔پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہاں کرپشن بھی نہیں روکی جا سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب قرضوں پر چلنے والا صوبہ بن چکا ہے اور حال ہی میں پنجاب میں ایک ارب 70 کروڑ روپے میں ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صحت کے کئی منصوبے شروع کیے تھے اور اب پی ٹی آئی پنجاب حکومت کی پرفارمنس پر وائٹ پیپر جاری کرے گی۔ شیخ وقاص نے یہ بھی کہا کہ ان کے بہت سے کارکن ابھی تک جیلوں میں ہیں اور انہیں تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ آئندہ احتجاج نہ کریں۔