لاہور(کرائم رپورٹر)کمانڈنٹ میجر جنرل سید عادل حسنین کی قیادت میں آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ راولپنڈی کے وفد نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز و اکیڈمی کا دورہ کیا، وفد کورس ڈائریکٹر بریگیڈیئر عائشہ ابو بکر مٹھا سمیت 36 رکنی افسران (کرنل) پر مشتمل تھا۔ دورے کا مقصد ادارے کے فنکشن، آپریشنز اور تربیتی پہلوؤں کو سمجھنے کے لئے جدید تصورات اور پری ہاسپٹل ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کی تکنیکوں کے بارے میں جاننا تھا۔ وفد نے میڈیکل اور ٹراما ایمرجنسیز، فائر و کیمیائی ایمرجنسیزمینجمنٹ،کولیپس سٹرکچر سرچ اینڈ ریسکیو، واٹر ریسکیو اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے قیام سے لے کر اقوام متحدہ سے انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ زلزلے میں ریسپانس تک کے سفر پر روشنی ڈالی۔