اپوزیشن کا ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم رکھنے پر عدالت جانے کا اعلان

پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھنے کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔ پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے خلاف سابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور سابق وفاقی وزراء حاجی غلام احمد بلور اور ارباب عالمگیر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب عالمگیر نے کہا کہ سٹیڈیم کے نام تبدیلی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ جارہے ہیں، اس سٹیڈیم کی نام کی تبدیلی کی ضرورت کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس نے اس سٹیڈیم کو بنانے میں کردار ادا کیا اس کا نام ہٹانے کی کیا ایسی مجبوری ہے، حکومت غلط کر رہی ہے ،مطالبہ کرتے ہیں اس اقدام کو واپس کیا جائے۔سابق وفاقی وزیر اور اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا کہ ارباب فیملی کا ایک سیاسی مقام ہے، وزیر اعلیٰ صاحب افسوس ہے اتنے سالوں میں ایک سٹیڈیم نہ بناسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیازنے اس سٹیڈیم کو بنانے میں کردار ادا کیا، آج مریم نواز پنجاب میں آپ سے آگے جاچکی ہے، لیکن آپ نے ہمارے صوبے کا کیا حال کردیا ہے، صوبائی حکومت اپنی ناکامی اور غلطیوں کو چھپانے کیلئے نام تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں ترقی یافتہ کاموں پر توجہ دیں، اس اقدام سے عمران خان کی بے عزتی ہوگی، آپ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے آئے ہیں اور آپ اس صوبے کے نمائندے ہی نہیں ہیں۔سابق گورنر خیبرپختونخوا اور جے یو آئی (ف) کے رہنما غلام علی کا کہنا تھا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سٹیڈیم کا نام نہ تبدیل کیا جائے، شاہی باغ میونسپلٹی کی ملکیت تھی، چاہیے تھا کے ایک نیا سٹیڈیم بناتے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سٹیڈیم کا نام عمران خان بھی ہوجائے تو کوئی فرق نہیں ہوگا ، حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔