ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی انتہائی نامناسب حرکت :گورنر کے پی

وزیر اعلیٰ صوبے کی شناخت مٹانے اور صوبے کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے،فیصل کریم کنڈی  
 پشاور(آئی این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاورکے نام کی تبدیلی پر صوبائی حکومت پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی انتہائی نامناسب حرکت ہے، سٹیڈیم کا نام صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے والے شخص کے نام پر رکھنا پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔اپنے ایک بیان یمں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اس صوبے کی شناخت مٹانے اور صوبے کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے، سانحہ نو مئی کے مرکزی کردار کے نام پر سٹیڈیم کا نام رکھنا ریاست دشمن قوتوں کو تقویت دینا ہے۔ مزید پڑھیں:پاک بھارت مقابلہ : گورنر سندھ کا قومی ٹیم کے جیتنے پر ایک کروڑ کا اعلان فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے خلاف پشاور کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ گورنر کے پی نے کہا کہ گزشتہ نو سال پر اقتدار پر قابض جماعت ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش و بحالی تک نہ کر سکی، ایک جانب یہ نااہل حکومت ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت اور پی سی بی نے لاہور اور کراچی کے سٹیڈیمز کو چند ہفتوں میں مثالی بنایا۔