خودکشی کی کوشش ناکام، مسجد الحرام کے ہیرو سکیورٹی اہلکار ریان العسيري سامنے آئے

خودکشی کی کوشش ناکام، مسجد الحرام کے ہیرو سکیورٹی اہلکار ریان العسيري سامنے آئے

مسجد الحرام میں گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم مسجد کی سکیورٹی پر تعینات ریان بن سعید العسيري نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اسے زمین سے ٹکرانے سے بچانے کی کوشش کی، جس کے دوران وہ خود زخمی ہو گئے۔

سعودی حکام کے مطابق واقعے کے بعد دونوں، یعنی خودکشی کی کوشش کرنے والا شخص اور زخمی سکیورٹی اہلکار، طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیے گئے اور واقعے سے متعلق قانونی کارروائی بھی مکمل کی گئی۔انسائیڈ دی حرمین کی رپورٹ کے مطابق، زخمی سکیورٹی اہلکار کی تصویر اسپتال کے بستر پر شیئر کی گئی جس میں ریان العسيري کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اسپتال میں قیام کے دوران سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے انہیں فون کیا اور ان کی جرات، فرض شناسی اور مستعدی کو سراہا۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ریان العسيري کا اقدام محض پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں بلکہ ایک انسانی اور قابل فخر اقدام تھا، جو قربانی اور ایثار کے اعلیٰ ترین معانی کی عکاسی کرتا ہے۔