صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ انصاف کے لیے پرامن طریقے سے آواز بلند کی جائے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نفرت کے بجائے اتحاد کا راستہ اپنایا جائے اور انتقامی سیاست کے بجائے جمہوریت کو اصل بدلہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت کے خلاف تھیں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کرتی رہیں۔ صدرِ مملکت کے مطابق بے نظیر بھٹو نے اپنے نظریات کی قیمت اپنی جان کی صورت میں ادا کی۔
ادھر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دخترِ مشرق کی زندگی جرات اور ہمدردی کا نادر امتزاج تھی۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کبھی سرنڈر نہیں کرے گی اور شہید بے نظیر بھٹو جمہوریت کی جدوجہد میں آخری دم تک ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو بلا خوف و خطر کھڑی رہیں یہاں تک کہ جامِ شہادت نوش کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وہ اور پارٹی کارکن ہر روز شہید بے نظیر بھٹو کے فکر اور وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
ان کے بقول شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اپنے دور سے بہت آگے کا ادراک رکھنے والی کرشماتی لیڈر تھیں اور ایسے رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ نفرت نہ کرنے اور دوسروں کو معاف کرنے کا درس دیا۔ وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حقوق کی محافظ، اور خواتین کی ترقی و خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علمبردار تھیں۔