برآمدات میں 36 سے 38 فیصد تک کمی ہونا تشویشناک ہے:رانا تنویر حسین

پیداواری لاگت میں اضافہ، مہنگی توانائی اور پیچیدہ ٹیکس نظام برآمد کنندگان کے لئے بڑے چیلنجز بن چکے ہیں:وفاقی وزیر
لاہور(آن لائن) وزیراعظم پاکستان برآمدات میں مسلسل کمی پر فکرمند ہیں اور انہوں نے صورتحال میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کاروباری برادری سے براہِ راست رابطے کی ہدایت دی ہے تاکہ برآمدات میں اضافے کے لیے زمینی حقائق کے مطابق سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں 36 سے 38 فیصد تک کمی ہو چکی ہے جو نہایت تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پیداواری لاگت میں اضافہ، مہنگی توانائی اور پیچیدہ ٹیکس نظام برآمد کنندگان کے لیے بڑے چیلنجز بن چکے ہیں