فلورملز کو سرکاری گندم کے اجرا کی تیاریاں

 پروگرام کیبنٹ اجلاس منٹس سے مشروط، ،10 لاکھ ٹن سرکاری گندم کو سٹراٹیجک سٹاکس کے طور پر محفوظ رکھا جائیگا:ذرائع
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب کی فلورملز کو سرکاری گندم کے اجراکی تیاریاں مکمل کرلی گئیں تاہم کیبنٹ اجلاس منٹس تاحال جاری نہ ہو سکے ،گندم ریلیز پروگرام کیبنٹ اجلاس منٹس سے مشروط ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک فلورملز کو12 لاکھ ٹن سرکاری گندم فروخت کرے گا، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر10 لاکھ ٹن سرکاری گندم کو سٹراٹیجک سٹاکس کے طور پر محفوظ رکھا جائے گا۔دستاویزات کے مطابق فلورملز کو لبرل پالیسی کے تحت گندم ریلیز کئے جانے کا امکان ہے ،ضرورت محسوس ہوئی تو محکمہ کوٹہ سسٹم شروع کر سکتا۔ پنجاب کی فعال فلورملز نے سرکاری گندم کے لئے ایڈوانس رقم محکمہ خوراک کو جمع کروادی ہے۔فلورملز کے درمیان کاروباری مسابقت کے باعث نجی آٹا کی مارکیٹ قیمت سرکاری قیمت سے کم رہنے کا امکان ہے۔سینکڑوں غیر فعال فلورملز کی جانب سے سرکاری گندم خریداری میں عدم دلچسپی کا اظہار کیاگیاہے ،سرکاری و نجی گندم کی قیمت میں کم فرق ہو گا ،سرکاری گندم کوٹہ لیکر اسے فعال مل کو فروخت کرنے پر منافع نہیں ملے گا۔