فلور ملز مالکان حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار:چیئرمین کمیٹی
لاہور (خصوصی رپورٹ)چیئرمین فلور ملز ریفارم کمیٹی طاہر حنیف ملک کی زیرِ صدارت فلورملز مالکان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں گندم اور آٹے کی دستیابی، قیمتوں اور مجموعی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران فلور ملز مالکان نے صنعت کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات پر روشنی ڈالی جن میں گندم کے اجرا اور پالیسیوں میں یکسانیت پر غور کیا گیا۔شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تمام فلور ملز کو یکساں طور پر سرکاری گندم کا اجرا یقینی بنایا جائے تاکہ کاروباری مسابقت میں توازن قائم رہے اور آٹے کی قیمت میں استحکام لایا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز ریفارم کمیٹی حکومتِ پنجاب اور محکمہ خوراک سے مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ صنعت سے متعلقہ پالیسیوں میں بہتری اور شفافیت لائی جا سکے۔ آخر میں چیئرمین طاہر حنیف ملک نے کہا کہ فلور ملز مالکان حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم شفاف اور منصفانہ پالیسی ہی عوام تک سستا آٹا پہنچانے کی ضمانت بن سکتی ہے۔