ایف بی آئی نیٹ ورک پر سائبر حملہ، امریکی حکام کو چینی ہیکرز پر شبہ

ایف بی آئی نیٹ ورک پر سائبر حملہ، امریکی حکام کو چینی ہیکرز پر شبہ

امریکی حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایف بی آئی کے نیٹ ورک پر ہونے والے حالیہ سائبر حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر چینی حکومت سے وابستہ ہیکرز ہو سکتے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ہیکنگ ایف بی آئی کے اندرونی کمپیوٹر نیٹ ورک میں کی گئی، تاہم حملے کے حجم اور اس سے ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال واضح نہیں ہو سکیں اور تحقیقات جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی نے 17 فروری کو اپنے نیٹ ورک کے ایک مخصوص نظام میں غیر معمولی سرگرمی کا سراغ ملنے کے بعد فوری طور پر تحقیقات شروع کیں۔ایف بی آئی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہیکرز نے ایک غیر خفیہ نظام کو نشانہ بنایا جس میں ان افراد کی مواصلاتی معلومات کا ریکارڈ موجود تھا جو ایف بی آئی کی تحقیقات کے دائرے میں ہیں۔

ادھر واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والا طریقۂ کار انتہائی پیچیدہ تھا اور واقعے کی فرانزک تحقیقات کے ساتھ ساتھ نظام کو محفوظ بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔