بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق کشمیر ریجن کے دریاؤں پر بنے ڈیموں سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا امکان ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ پانی کا اخراج ایک بار ہوگا یا مرحلہ وار کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالائی علاقوں میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں طغیانی ہے۔دوسری جانب انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہائی کمیشن سے موصول معلومات کے بعد فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق:دریائے ستلج میں ہیڈ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔دریائے راوی میں مادھوپور زیریں اور دریائے چناب میں اکھنور میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ممکن ہے۔یہ پیش رفت خطے میں شدید سیلاب کے خطرے کی نشاندہی کرتی ہے اور مقامی انتظامیہ اور عوام سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔