ویب ڈیسک: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ جلد کے کینسر میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مائیکل کلارک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ناک پر ایک اور کٹ لگا ہے اور یہ جلد کے کینسر کی وجہ سے ہے۔اپنے مداحوں کے نام پیغام میں سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا:"جلد کا کینسر آسٹریلیا میں ایک بڑی حقیقت ہے۔ میرا دوستانہ مشورہ ہے کہ اپنی جلد کا باقاعدہ معائنہ کراتے رہیں کیونکہ احتیاط ہمیشہ علاج سے بہتر ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ ان کے معاملے میں باقاعدگی سے چیک اپ اور بروقت تشخیص نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔یاد رہے کہ مائیکل کلارک کو چند برس قبل جلد کے کینسر کی ابتدائی علامات ظاہر ہوئی تھیں، تاہم اس وقت انہوں نے فوری طور پر عوامی طور پر اس بیماری کے بارے میں انکشاف نہیں کیا تھا۔کرکٹ حلقوں اور مداحوں نے ان کے اس پیغام پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور سابق کپتان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔