آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے اسکن کینسر کے حوالے سے اہم پیغام دیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (پہلے ٹویٹر) پر اپنی ایک تصویر اور پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ آج اسکن کینسر سے آگاہی کے مہینے کا آغاز ہو گیا ہے۔
مائیکل کلارک نے کہا کہ اسکن کینسر کی جانچ کے لیے یہ وقت بہترین ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی تجربے کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے چہرے سے ایک اور اسکن کینسر کا علاج کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل کسی بھی شخص کے لیے آسان نہیں ہوتا، مگر مسلسل چیک اپ ضروری ہے تاکہ مرض کی شدت سے قبل ہی علاج کیا جا سکے اور تاخیر سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ مائیکل کلارک کافی عرصے سے اسکن کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور انہوں نے اپنی بیماری کے تجربے کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو اس مرض کے خلاف آگاہی پھیلانے کی ترغیب دی ہے۔ ان کا پیغام اس بات پر زور دیتا ہے کہ جلد کی چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کو نظرانداز نہ کریں اور باقاعدہ چیک اپ کروائیں۔