گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اہم خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے حضور نبی کریم ﷺ کے 1500ویں جشن ولادت باسعادت کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور یادگاری سکہ جاری کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
گورنر سندھ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ یہ اقدام حضور ﷺ کی عظیم الشان سیرت طیبہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قوم کی اخلاقی و تہذیبی بنیادوں کی تجدید کا باعث بنے گا۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ نہ صرف آئندہ نسلوں کے لیے محبت و امن کا پیغام ہوگا بلکہ عالمی سطح پر بالخصوص عالمِ اسلام میں بھی ایک مثبت پیغام کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ اس تاریخی موقع کو قومی سطح پر بھرپور انداز میں منایا جائے تاکہ نوجوان نسل اور عوام الناس میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اجاگر ہوں اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ مل سکے۔