پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے جس کے باعث حکومت نے متاثرہ عوام کی فوری امداد کے لیے ہنگامی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کیلئے 2 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رقم کمرشل بینکوں میں موجود غیر استعمال شدہ فنڈز سے حاصل کی جائے گی اور فوری طور پر پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے بلاک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔اس سے قبل پی ڈی ایم اے کو رواں مالی سال میں ایک ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ نئی رقم سیلاب زدہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں، متاثرہ خاندانوں کو معاوضوں اور بحالی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متاثرین کے لیے خوراک، خیمے اور طبی امداد کا فوری انتظام کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ترجمان حکومت نے کہا کہ متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور اس فنڈ کا مقصد سیلاب سے متاثرہ دیہات اور شہروں کی فوری بحالی ہے۔