برطانیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 60 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان

برطانیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 60 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان

اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد کے لیے 1.33 ملین پاؤنڈ (تقریباً 60 کروڑ روپے) کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 اس امداد سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سات متاثرہ اضلاع میں دو لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔برطانوی ہائی کمشنر جین میرجوٹ کے مطابق، اس تعاون کے تحت متاثرہ کمیونٹیز کو فوری ریلیف پہنچایا جا رہا ہے، جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، نہری نظام کی مرمت اور کھیتی باڑی میں معاونت شامل ہے۔اب تک 2 ہزار 400 مقامی رضاکاروں کو سرچ اینڈ ریسکیو کی خصوصی تربیت دی جا چکی ہے، جن میں سے 25 رضاکار چارسدہ سے بونیر میں ریسکیو 1122 کی مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ سیلاب زدہ کئی علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ان مقامات پر بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں جہاں کلینکس کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید برآں، متاثرہ خاندانوں کو خیمے، راشن، گھریلو استعمال کی اشیاء اور خواتین کے لیے ڈگنٹی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے (UNOCHA) کے کوآرڈینیٹرز بھی امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ امداد تیز اور مؤثر طریقے سے متاثرین تک پہنچ سکے۔نوٹ کے مطابق، برطانیہ کے تعاون سے سندھ میں بھی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبائی و ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ونگز قائم کرنے کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک آن لائن ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے جو محفوظ پناہ گاہوں، طبی سامان اور ریسکیو آلات کے اعدادوشمار کو یکجا کرتا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل ممکن ہو سکے۔