نادرا عوام کو پریشان نہ کرے، رویہ بالکل ٹھیک نہیں، عدالت کے ریمارکس
کراچی(آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے زرینہ نامی خاتون کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کیلئے زونل بورڈ کا اجلاس بلانے کے احکام پر عملدر آمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کو فوری طورپرہی زونل بورڈ کا اجلاس بلا کر درخواست گزار کی تصدیق کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں زرینہ نامی خاتون کو قومی شناختی کارڈ جاری نہ کرنے کے کیس میں نادرا حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت نے نادرا حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ نادرا حکام کا عوام کے ساتھ رویہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، نادرا میں کسی کی ویری فیکشن اور جانچ کا کیا نظام ہے؟ نادرا کے پاس شہریوں کو ٹوکن جاری کرنے کا سسٹم موجود نہیں ہے؟نادرا کے نمائندے نے کہا کہ نادرا شہریوں کو ان کی باری کے لیے ٹوکن جاری کرتا ہے۔