مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی :اسحاق ڈار

 پاکستان ترکیہ سے تعلقات کو وسیع البنیاد شعبوں میں فروغ دینے کا خواہاں ہے :نائب وزیراعظم 
پاکستان، مصر اور الجزائر کا فلسطین کے مسئلہ پر اظہارِ یکجہتی، تعلقات کو فروغ دینے  کا عزم

جدہ (آئی این پی )پاکستان، مصر اور الجزائر نے مشترکہ موقف اختیار  کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل غزہ کو امداد ہرممکن حد تک جلد از جلد پہنچانا ناگزیر ہے۔  نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے   21 ویں غیر معمولی او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعتی اور الجزائر کے وزیرِ خارجہ احمد عطار سے ملاقات کی جس میں فلسطین خصوصا غزہ کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی   اور مسئلہ فلسطین پر اظہار یکجہتی کیا۔یہ ملاقات جدہ میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ملاقات میں فلسطین کی سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے، اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کاوشیں تیز کی جائیں۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے‘دریں اثناء پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ طور پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی کا  مطالبہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی۔ملاقات میں برادر ممالک کے رہنمائوں نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ سے تعلقات کو وسیع البنیاد شعبوں میں فروغ دینے کا خواہاں ہے۔