اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں معطل رہنے والی میٹرو بس سروس کو سات روز بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا ۔میٹروبس حکام کے مطابق بس سروس فی الحال صدر اسٹیشن(راولپنڈی ) سے اسلام آباد کے شہیدِ ملت اسٹیشن تک مکمل طور پر فعال رہے گی۔ تاہم، پریڈ گرائو نڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک کا حصہ تاحال بند رکھا گیا ہے جہاں بسیں آپریٹ نہیں کریں گی۔میٹرو بس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی شہر میں چلنے والی گرین بس سروس بھی سات روز کی معطلی کے بعد مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سروسز ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کی گئی تھیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو گزشتہ ایک ہفتے سے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ دوسری جانب راولپنڈی میں پیرودھائی سمیت تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو آج ( پیر )کی صبح 6 بجے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے بند پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی دوبارہ چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔حکام کے مطابق شہر میں ٹرانسپورٹ کی بحالی سے شہریوں کو سفری سہولت میسر آئے گی اور معمولات زندگی بتدریج بحال ہوں گے۔