صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ چین کے دوران صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران، پاک-چین تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ یہ تعلقات نسلوں پر محیط ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے ہونان کی زرعی ٹیکنالوجی اور آلات میں مہارت کو سراہا اور اسے پاکستان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے انتہائی موزوں قرار دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر، ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ نے بتایا کہ ہونان کی جامعات نے پاکستانی اداروں کے ساتھ 12 معاہدے کیے ہیں اور 959 پاکستانی طلبہ ہونان کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ہونان کے گورنر ماؤ ویمنگ کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی اور کہا کہ ہونان کو چیئرمین ماؤ زے تنگ کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے خاص مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اور پاکستانیوں کے لیے یہ نظریہ قابلِ احترام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں قوموں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس موقع پر، ہونان کے گورنر نے پاک چین دوستی کو مثالی قرار دیا۔