کے پی ٹی ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں 25 سے 50 فیصد تک کمی کی گئی ہے،،وفاقی وزیر بحری امور
کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار نے خلیجی ممالک جانے والی تاخیری شپمنٹس پر برآمد کنندگان کو خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوارنے کہا ہے کہ کے پی ٹی ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں 25 سے 50 فیصد تک کمی کا اعلان کیا گیاہے، جس کے تحت خلیجی ممالک جانے والی تاخیری شپمنٹس پر برآمد کنندگان کوخصوصی رعایت ملیگی۔ اپنے بیان میں جنید انوار نے بتایا کہ بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کارگو پر بھی ریلیف کا اطلاق ہوگا، مالی دبا کم کرکے برآمدات کو سہارا دیا جا رہا ہے جبکہ لاجسٹک مسائل کے خاتمے اور کارگو کلیئرنس بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے جی ٹی ایل پر یکم سے 20 مارچ تک 50 فیصد اسٹوریج چارجز معاف ہوں گے، کے آئی سی ٹی پر یکم سے 10 مارچ تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ ایس اے پی ٹی پر 11 سے 31 مارچ تک 25 فیصد کمی کا اطلاق ہوگا۔وفاقی وزیر بحری امور نے چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ بندرگاہی نظام کو تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔