وائلڈ لائف نے 6 ہزار نایاب پرندے بر آمد کر کے 8 ملزموں کو جرمانہ کر دیا
لاہور ( خصوصی رپورٹ) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات نے صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کی غیر قانونی نٹنگ، سمگلنگ اور تجارت کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ وائلڈ لائف رینجرز نے لاہور، راولپنڈی، بہاولنگر، ملتان اور جھنگ سمیت مختلف شہروں سے چھپائے گئے 6 ہزار کے قریب جنگلی پرندے بازیاب کرائے اور 27 نٹنگ گیئرز ضبط کر لیے۔ 8 ملزمان کو تقریباً 5 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ دیگر کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں صدقہ کی آڑ میں خرید و فروخت پر 800 ممولے بر آمد کر کے ایک ملزم پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ راولپنڈی میں مسافر بس کی تلاشی کے دوران 5 ہزار چڑیاں بر آمد کی گئیں، جبکہ فورٹ عباس سے نیل گائے کا شکار کرنے والے کو نائٹ ویڑن اور رائفل سمیت گرفتار کر کے ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ بازیاب کرائے گئے پرندوں میں چڑیاں، ممولے، بٹیر، ہریل اور طوطے شامل ہیں جنہیں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا ہے۔