اللہ کو حاضر ناظر جان کرووٹ ڈالیں تو حالات بدل سکتے ہیں طلال چودھری

اسلام آباد کا ایک ایک انچ کیمروں سے کور کریں گے ‘ وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے تین ڈیم 3،4 سال میں بنیں گے
پولیس میں 70فیصد اہلکار 55 سال سے زائد عمر کے ہیں، 10 ہزار نئے بھرتی کئے جائیں گے ‘ہر وہ خرابی اسلام آباد میں ہے جو کسی  غیرمربوط شہر میں ہوتی ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے  اسلام آباد کو کیمروں سے کور کریں گے اور وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے تین ڈیم 3،4 سال میں بنیں گے۔انہوںنے اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا  منفی سیاست نہیں کرنی چاہیے، حالات صرف ایک چیز سے بدل سکتے ہیں  ووٹ دیتے ہوئے اللہ کو حاضر ناظر جان کر کاسٹ کریں اور  ووٹ دیتے وقت دیکھیں کہ کام کس کے بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین اپنے کاروبار میں مینیجر رکھتے ہوئے تو بڑی چھان بین کرتے ہیں، ووٹ دیتے وقت کسی کی برادری، گاڑی یا ہینڈسم لگنا چھوڑ دیں۔وفاقی دارالحکومت کے نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لیے اپنا نظام یہاں کے باسیوں کا حق ہے، ہر وہ خرابی اسلام آباد میں ہے جو کسی بھی غیرمربوط شہر میں ہوتی ہے، 1100 ارب کی زمین ہم نے اسلام آباد میں واگزار کروائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا ایک ایک انچ کیمروں سے کور ہوگا، اسلام آباد پولیس میں 70فیصد اہلکار 55 سال سے زائد عمر کے ہیں، 10 ہزار نئے اہلکار بھرتی کیے جائیں گے اور ایک بھی بندہ بغیر میرٹ کے نہیں ہوگا۔وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 50 فیصد پانی کی کمی ہے تاہم اسلام آباد کے لیے تین ڈیم تین،چار سال میں بنیں گے۔  اسلام آباد میں کوڑا اٹھانے کا کوئی نظام نہیں ہے، کوڑا اٹھانے کے لیے بین الاقوامی معیار کا نظام لائیں گے۔طلال چوہدری نے کہا  میٹرو بس سروس میں ایک روز جتنے لوگ سفر کرتے ہیں اتنے بھی اسلام آباد سے ووٹ نہیں ملتے، ایک صوبے کی حکومت 1122 کی گاڑیاں، ایمبولینسز لے کر وفاق کی طرف آتے ہیں۔