منگھوپیر: گاربیج ڈمپنگ پوائنٹ سے نامعلوم خاتون کی مسخ شدہ لاش برآمد

منگھوپیر: گاربیج ڈمپنگ پوائنٹ سے نامعلوم خاتون کی مسخ شدہ لاش برآمد

کراچی، منگھوپیر: حاجی ابراہیم گوٹھ کے قریب گاربیج ڈمپنگ پوائنٹ سے ایک نامعلوم خاتون کی کمبل میں لپٹی ہوئی کئی روز پرانی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی منگھوپیر تھانے کی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او زبیر نواز کے مطابق، لاش کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے، لیکن کئی ہفتے پرانی ہونے کے باعث لاش مکمل طور پر گل چکی ہے اور ناقابل شناخت ہے۔ مقتولہ نے جینز کی پینٹ پہنی ہوئی تھی۔

پولیس کا شبہ ہے کہ خاتون کو کسی اور مقام پر قتل کیا گیا اور لاش کمبل میں لپیٹ کر گاربیج اٹھانے والے ٹرکوں کے ذریعے ڈمپنگ پوائنٹ پر پھینکی گئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے اور ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے خاتون کی شناخت کی کوشش کی جائے گی۔واقعے کے حوالے سے مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، اور پولیس مختلف پہلوؤں سے کیس کی چھان بین کر رہی ہے تاکہ قاتلوں کا پتہ لگایا جا سکے۔