ویلیو میں اضافے کی تفصیلات دینا ہونگی، ڈیڈ لائن سے چند روز قبل فارم تبدیل
اثاثوں کی ویلیو صفر لکھی جارہی تھی ، ریٹرن فارم میں تبدیلی نہیں کی:ایف بی آر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے گوشواروں میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دیدیا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی ڈیڈ لائن سے چند روز قبل آئرس فارم میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو میں سالانہ اضافے کی تفصیلات دینا ہوں گی ، نئے کالم کا اضافہ 18 اگست کو کیا گیا تھا جس کا مقصد اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کر کے مستند ڈیٹا سے بہتر پالیسی بنانا ہے، مارکیٹ ویلیو کے تعین کا ٹیکس معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ دوسری طرف ایف بی آر کاکہنا ہے حال ہی میں کسی بھی نئے ایس آر او کے ذریعے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی تبدیلی یا ترمیم متعارف نہیں کرائی گئی ، سوشل میڈیا پر انکم ٹیکس ریٹرن فارم بارے غلط معلومات پھیلائی جا رہیں ،رواں برس ریٹرن فارم 7 جولائی 2025 ہی کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیا تھا، جس میں واضح طور پر صفحہ 66 پر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کا اندراج کرنا ضروری قرار دیا تھا۔ایف بی آر کے مطابق ابھی تک جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کی پڑتال سے یہ بات سامنے آئی کہ بہت سے لوگ اپنے اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کے خانے میں صفر درج کررہے تھے جسے روکا گیا ہے تاکہ درست معلومات درج ہو سکیں۔ جو ٹیکس دہندگان اپنے گوشوارے جمع کرا چکے ہیں ان سے اس میں ترمیم کرنے یا ری فائل کرنے کا نہیں کہا جائے گا۔ اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ٹیکس کیحساب کے لئے استعمال نہیں ہو گی۔ ویلتھ سٹیٹمنٹ کی Reconciliation کے لئے بھی انہیں زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لئے IRISسسٹم مکمل طور پر درست کام کررہا ہے۔ انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے۔