افسروں کو بیوی اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہوں گے‘قائمہ کمیٹی نے منظوری دیدی
اسلام آباد (آئی این پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔رانا محمود الحسن کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دیدی گئی۔ بل میں گریڈ 17 سے بالا سرکاری افسروں پر اپنے اثاثے ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔بل کے متن کے مطابق گریڈ17 سے بالا افسران اپنے غیرملکی اثاثے اور واجبات بھی ظاہر کریں گے، سرکاری افسران کو بیوی اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہوں گے۔مسودے کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات ایف بی آر کو دی جائیں گی جو پبلک ہوں سکیں گی، معلومات عوامی مفادات اورشخص کی پرائیویسی کا خیال رکھ کر مشتہر ہوں گی، ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، ایڈریس، بینک اکانٹ کی تفصیلات کا تحفظ کیا جائے گا۔