جرمن رکن اسمبلی کی بچے کو گود میں اٹھا کر بجٹ تقریر، تاریخ رقم کردی

یہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں تھا،بیٹا سو رہا تھا، کسی ساتھی کو دیتی توجاگ جاتا 
برلن(آئی این پی )جرمنی کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن پارلیمان ہانا اسٹئن مولر نے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے بجٹ اجلاس کے دوران اپنے ننھے بیٹے کو گود میں اٹھائے ہوئے جرمن پارلیمنٹ (بنڈسٹاگ)  میں خطاب کیا، یہ پہلا موقع تھا کہ کسی رکنِ پارلیمان نے ایوان میں بچے کے ساتھ تقریر کی۔بنڈسٹاگ کے سرکاری انسٹاگرام پیج پر بتایا گیا کہ آج پہلی بار ایک رکنِ پارلیمان نے اپنے بچے کے ساتھ جرمن بنڈسٹاگ کے پوڈیم پر کھڑے ہو کر تقریر کی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نومولود بچہ پرسکون اور خاموشی سے ماں کے سینے سے لگے سو رہا تھا۔32 سالہ ہانا اسٹئن مولر نے جرمن اخبار سے گفتگو میں کہا یہ سب منصوبہ بندی کے تحت نہیں تھا، میرا بیٹا سو رہا تھا اور اگر میں اسے کسی ساتھی کو دیتی تو وہ جاگ جاتا اسی لیے میں نے اسے ساتھ رکھا