رشوت دے کر بھرتی ہونے والے فارغ، افسروں کے خلاف کاروائی ہوگی: وفاقی وزیر مواصلات
لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر مواصلات نے پاکستان پوسٹ میں گزشتہ حکومت کے دوران 4 ہزار بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ رشوت دے کر بھرتی ہونے والے فارغ، افسران کے خلاف کاروائی ہوگی۔ موٹروے پولیس افسران کی بھی سرزنش کردی۔ کہا سرکاری فنڈز کو مال غنیمت نہ سمجھا جائے، جو ادارہ کام نہیں کرے گا اس کی نجکاری کردی جائے گی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت رائٹ سائزنگ اجلاس میں محکمے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے موٹروے پولیس افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا سرکاری فنڈز مال غنیمت نہیں۔ ان کی بندر بانٹ نہیں ہونے دی جائے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے بطور وزیر محکمے سے اپنی ذات کے لیے کوئی ملازم نہیں لیا۔ افسران بھی اپنے وسائل میں رہ کر کام کریں۔ قومی خزانہ فضول خرچیوں اور غیر ضروری بوجھ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔