ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو تقریباً ایک ماہ بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عمر کی تصدیق کے بعد اسے نابالغ قرار دیتے ہوئے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کو مہاراشٹر کے انسدادِ منظم جرائم قانون (مکوکا) کے تحت قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کی عمر سے متعلق معاملے کا جائزہ لیا اور تصدیق کے بعد اسے کم عمر قرار دیا۔خصوصی جج ستیہ نارائن آر ناوندر نے ہدایت کی کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جووینائل جسٹس بورڈ (JJB) کے سامنے پیش کیا جائے۔ عدالت نے عمر کی جانچ جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت اور تحفظ) ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت کی۔
ملزم کے والد نے عمر سے متعلق درخواست دائر کردی
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی عمر کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب اس کے والد نے عدالت سے رجوع کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت ان کا بیٹا 18 سال سے کم عمر تھا، لہٰذا اس کے خلاف کارروائی نابالغوں سے متعلق قوانین کے تحت کی جانی چاہیے۔عدالت نے درخواست اور دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی عمر کی تصدیق کی اور اسے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی
رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ 30 نومبر کو 18 سال کا ہوجائے گا۔ اسے ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے مقدمے میں گرفتار ہونے والا پہلا ملزم قرار دیا جا رہا ہے۔