بالی وڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی نے اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ بھی ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے ٹائیگر شروف کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ پوری دنیا ٹائیگر شروف اور ان کے والد جیکی شروف سے محبت کرتی ہے۔ اگر ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آ سکتا ہے تو یہ کسی دوسرے شخص کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ٹائیگر شروف اپنی فٹنس، کھیلوں اور ورزش پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ انہیں معلوم نہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، تاہم ان کے مطابق ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا۔
جیکی شروف سے دیرینہ دوستی کا ذکر
سینئر اداکار نے گفتگو کے دوران جیکی شروف کے ساتھ اپنی پرانی دوستی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیکی شروف ان کے بچپن کے دوست ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ واقعے کے بعد تمام معاملات بہتر ہو جائیں گے۔سنیل شیٹی نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹائیگر شروف اس واقعے میں محفوظ رہے، جبکہ ان کے ڈرائیور سمیت زخمی ہونے والے افراد صحت یاب ہو رہے ہیں۔
ممبئی میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ دو روز قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اداکار فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔