بھارت نے شیخ حسینہ کی بنگلادیش واپسی کو حوالگی کی درخواست سے الگ معاملہ قرار دے دیا

بھارت نے شیخ حسینہ کی بنگلادیش واپسی کو حوالگی کی درخواست سے الگ معاملہ قرار دے دیا

نئی دہلی: بھارت نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے معاملے کو ڈھاکا کی جانب سے ان کی حوالگی کے مطالبے سے الگ قرار دے دیا ہے۔

 بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی شہری کی جانب سے سفری دستاویزات کے ذریعے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے کا معاملہ قانونی حوالگی کے عمل سے مختلف ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ہے کہ دونوں معاملات کو الگ الگ دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ بھارت اپنے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق لے رہا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔شیخ حسینہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت میں دو سال سے زائد عرصے کی جلاوطنی گزارنے کے بعد 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت کا مؤقف ہے کہ انہیں ملک واپس لانے کے لیے حوالگی کا قانونی طریقہ اختیار کرنا ہوگا۔

شیخ حسینہ کی وطن واپسی کا اعلان

شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو اپنی حکومت کے خلاف طلبہ کی تحریک اور احتجاجی مظاہروں کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ اس وقت سے وہ بھارت میں مقیم ہیں۔ ان کی حکومت کے خلاف ہونے والی تحریک کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں جانی نقصان ہوا تھا، جس کے بعد ان کی اقتدار سے علیحدگی عمل میں آئی۔رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر وطن واپس آنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیشی حکومت سے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے طیارے کا انتظام کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

 پاسپورٹ کی درخواست مسترد، قانونی مشکلات برقرار

شیخ حسینہ نے رواں ماہ وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست بھی دی تھی، تاہم بنگلہ دیشی حکام نے ان کی پاسپورٹ کی درخواست مسترد کردی۔ اس پیش رفت کے بعد ان کی واپسی کے طریقہ کار پر دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو گزشتہ سال ان کی غیر موجودگی میں قائم عدالت نے انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت نے انہیں طلبہ کی تحریک کے دوران کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں سزا سنائی، تاہم شیخ حسینہ اس فیصلے کو مسترد کرتی رہی ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت کا مؤقف ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی حوالگی کے قانونی معاہدے کے تحت ہی ممکن ہے اور وطن پہنچنے پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔