شاہ رخ خان کا قانونی ایکشن، کانٹینٹ کریئیٹر کو وائرل ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس جاری

شاہ رخ خان کا قانونی ایکشن، کانٹینٹ کریئیٹر کو وائرل ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس جاری

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اننت امبانی کے ساتھ اپنی وائرل ویڈیو سے متعلق مبینہ گمراہ کن دعوے پر سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر سووگیا شرما کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

 شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے ویڈیو میں کیے گئے دعوے کو بے بنیاد اور اداکار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متنازع ویڈیو میں معروف بھارتی کاروباری شخصیت اننت امبانی، مذہبی شخصیت سدھ گرو اور شاہ رخ خان کی ملاقات کے مناظر دکھائے گئے تھے۔ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملاقات کے دوران اننت امبانی نے شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کے لیے کہا تھا۔ اس دعوے کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کانٹینٹ کریئیٹر سووگیا شرما کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس جاری کردیا۔

23 نومبر کو جاری کیے گئے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ویڈیو کے ساتھ منسلک دعویٰ حقائق کے منافی، گمراہ کن اور شاہ رخ خان کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے والا ہے۔ قانونی ٹیم نے مطالبہ کیا ہے کہ متنازع ویڈیو فوری طور پر سوشل میڈیا سے ہٹائی جائے اور اس سے متعلق مزید مواد کی تشہیر بھی بند کی جائے۔قانونی نوٹس میں سووگیا شرما کو 48 گھنٹوں کے اندر تحریری تصدیق فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ متنازع ویڈیو ہٹا چکی ہیں اور آئندہ اس دعوے کو مزید پھیلانے سے گریز کریں گی۔

دوسری جانب سووگیا شرما نے قانونی نوٹس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اپنے مؤقف کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے ایک نئی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تبصرہ آزادی اظہار رائے کے دائرے میں آتا ہے اور انہیں اپنی رائے پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔اس معاملے نے سوشل میڈیا پر آزادی اظہار اور مشہور شخصیات کی ساکھ سے متعلق بحث کو بھی جنم دے دیا ہے۔ ایک جانب شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے مبینہ گمراہ کن دعوے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا ہے، تو دوسری جانب کانٹینٹ کریئیٹر نے اپنے تبصرے کو آزادی اظہار قرار دیا ہے۔