اُدے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں بیٹی کی شادی کی خوشیاں اس وقت غم میں تبدیل ہوگئیں جب دلہن کے والد شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں رقص کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
اہلخانہ نے بیٹی کی شادی مکمل ہونے تک والد کی موت کی خبر اس سے چھپائے رکھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ راجستھان کے ضلع اُدے پور میں پیش آیا، جہاں 51 سالہ شنکر لال میگھوال 20 نومبر کی شب اپنی بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں شریک تھے۔تقریب کے دوران شنکر لال خوشی سے رقص کر رہے تھے کہ اچانک ان کے سینے میں شدید درد اٹھا اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ اہلخانہ نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کردی۔والد کی اچانک موت نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کردیا، تاہم اہلخانہ نے ابتدا میں یہ افسوسناک خبر دلہن پریانکا اور اس کی والدہ سے چھپانے کا فیصلہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ شنکر لال کی طبیعت خراب ہے اور وہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر دلہا اپنے 15 سے 20 رشتہ داروں کے ہمراہ دلہن کے گھر پہنچا تاکہ شادی کی رسومات مکمل کی جاسکیں۔خاندان کی جانب سے تمام تر صدمے کے باوجود شادی کی تیاریاں جاری رکھی گئیں اور 21 نومبر کی رات تقریباً 3 بجے شادی کی رسومات ادا کردی گئیں۔اہلخانہ نے بیٹی کی شادی مکمل ہونے تک اسے والد کی وفات سے بے خبر رکھا تاکہ شادی کی خوشیاں مکمل ہوسکیں اور وہ اس موقع پر کسی بڑے صدمے سے دوچار نہ ہو۔شادی کی رسومات مکمل ہونے اور بیٹی کی رخصتی کے بعد پریانکا کو والد کے انتقال کی حقیقت بتائی گئی۔ بعدازاں اسی روز شنکر لال میگھوال کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔