کراچی (خصوصی رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے پولیس محاصرے سے آگاہ کیا، جس پر بلاول بھٹو نے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس سے قبل چند روز پہلے بھی بلاول بھٹو زرداری جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کر چکے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے، کیونکہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا تھا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں۔