سود خوروں کی دھمکیوں اور ہراسانی پر کھلی کچہری میں شہری نے انصاف مانگ لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں دس لاکھ روپے قرض کے بدلے 25 لاکھ روپے کی واپسی کا مطالبہ کرنے اور مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں شکایت درج کرا دی۔ شہری نے الزام عائد کیا کہ سود خور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ او باٹا پور کو معاملے کی تصدیق اور شہری کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سود خوری کے ذریعے شہریوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، شہریوں کو سود خوروں کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ کھلی کچہری میں ایک خاتون نے بھی ہراسانی کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او ساندہ کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے الزام ثابت ہونے پر ملزم کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد، زیادتی اور جنسی ہراسانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور خواتین کا تحفظ و انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ کھلی کچہری میں لین دین کے فراڈ، جائیداد کے تنازعات، کرایہ داری اور گروی مکانات سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو تمام شکایات پر فوری اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔