تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک معروف نائٹ کلب میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق آتشزدگی شمالی بنکاک میں واقع نا لادپراو پب میں رات گئے پیش آئی، جہاں آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے متعدد لاشیں عمارت کے اندر سے نکالیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔تھائی حکام کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ پرفارم کرنے والے ایک موسیقار نے آگ بھڑکنے سے قبل اسٹیج کے قریب سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھتے دیکھا تھا۔ کچھ ہی دیر بعد بجلی منقطع ہوئی اور زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد آگ تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد نائٹ کلب کے اندر دھواں تیزی سے بھر گیا، جس کے باعث متعدد افراد باہر نکلنے میں ناکام رہے۔ زیادہ تر لاشیں عمارت کے پچھلے حصے اور واش رومز سے برآمد ہوئیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں عمارت سے بلند ہوتے شعلے اور ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیاں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔آتشزدگی کے باعث نائٹ کلب کے اندرونی حصے کو شدید نقصان پہنچا، جہاں جلی ہوئی میزیں، کرسیاں اور دیگر سامان تباہ حالت میں ملا۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔