جکارتہ: انڈونیشیا کے صوبہ بنتن میں کینڈی بنانے والی ایک صنعتی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ عمارت میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد کارکن عمارت کے اندر پھنس گئے۔ شدید آتشزدگی کے نتیجے میں فیکٹری کی تین منزلہ عمارت بری طرح متاثر ہوئی اور عمارت کے کئی حصوں کی چھت بھی گر گئی۔تازہ اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام اب تک 24 لاشیں برآمد کرچکے ہیں، جبکہ عمارت کے ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ کارکنوں کو تلاش کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق آتشزدگی سے عمارت کا ڈھانچہ غیر مستحکم ہوگیا ہے، جبکہ مختلف حصوں میں ملبہ اور گرم مقامات موجود ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت کے متاثرہ حصوں میں داخل ہونا بھی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ لاشوں کی شناخت کرکے انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا جاسکے۔